لاہور (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ رانا شمیم کا بیان حلفی بظاہر بالکل بوگس لگتاہے یہ بیان حلفی ماضی کے کیلبری فونٹ اور قطری خط جیسا معرکہ ہے، کوئی چیف جسٹس کھلے عام اس طرح کی ہدایات نہیں دے سکتے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ جسٹس عمر فاروق صاحب نواز شریف اور مریم نواز کی اپیلوں پر سماعت کرنے والے بینچ میں شامل نہیں تھے اور اس وقت وہ ملک میں بھی نہیں تھے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ اس میں کوئی شک کی بات نہیں ہونی چاہیے کہ رانا شمیم کے بیان حلفی کے پیچھے کون ہے۔ رانا شمیم کے بھائی 6 تاریخ کو فوت ہوئے اور وہ 8 تاریخ کو لندن میں بیان حلفی تیار کررہے تھے، لندن سے یہ بیان حلفی بنایا جاتا ہے، سب کو معلوم ہے کہ لندن نواز شریف کا گھر ہے، نواز شریف آج تک اپنی منی ٹریل تو دے نہیں سکے۔