کراچی(این این آئی)موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث کراچی کے ساحلی علاقے 2060 تک ڈوب سکتے ہیں، ماہرین نے خبردار کردیا۔ماہرین نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سطح سمندر میں اسی شرح سے اضافہ ہوتا رہا تو کراچی کے ساحلی علاقے 2060 تک ڈوب
سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق سمندر اور ماحول کے بڑھتے درجہ حرارت، گلیشیئرز کا پگھلنا اور سطح سمندر میں اضافہ یہ سب موسمیاتی تبدیلی کے اثرات دنیا سہہ رہی ہے۔پاکستان کا سمندر بھی ماحولیاتی تبدیلی کے زیر اثر ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان میں سطح سمندر میں سالانہ ایک اعشاریہ دو ملی میٹر اضافہ ہورہا ہے۔ماہرین نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ سطح سمندر میں اسی رفتار سے اضافہ ہوتا رہا تو مستقبل میں کراچی کے بہت سے ساحلی علاقوں کو یہ اضافہ لے ڈوبے گا۔ماہرین کے مطابق کراچی کے سمندر سے5 کلومیٹر دور 800 اسکوائر کلومیٹر کا ساحلی علاقہ سطح سمندر بڑھنے کے باعث غیر محفوظ ہے، سطح سمندر بلند ہونے سے کلفٹن، کے پی ٹی اور پورٹ قاسم سمیت دیگر ساحلی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں، ماہرین نے تعمیراتی کام کو سمندر سے 200 میٹر دور محفوظ بفرزون میں کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔ماہرین نے کہا کہ اگر دنیا نے گرین ہاوس گیسز کا اخراج کم کرنے میں سنجیدگی نہ لی تو موسمیاتی تبدیلی کو قابو کرنا انسان کے بس میں نہیں رہے گا۔