اسلام آباد (این این آئی)وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے دہلی میں حضرت امیر خسرو کے سالانہ عرس میں شرکت کے خواہشمند پاکستانی زائرین سے 25نومبر، 2021ء تک
زیارت فارم کے ذریعے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ عرس کی تقریبات 16 تا 23 مئی 2022ء دہلی ، بھارت میں جاری رہیں گی۔ وزارت کے مطابق 200 پاکستانی زائرین کو عرس میں شرکت کیلئے بھیجا جائے گا اگر درخواستیں زیادہ وصول ہوئیں تو 17دسمبر 2021ء کو دن 11بجے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں قرعہ اندازی کے ذریعے زائرین کا انتخاب کیا جائے گا۔عرس سے متعلق دیگر تفصیلات و ہدایات نئے درخواست فارم ، وزارت کی ویب سائٹ اور فیس بک پیج پر دستیاب ہیں۔ وزارت سے جاری کردہ بیان کے مطابق زائرین پرمزید واضح کیا گیا کہ کووڈ -19 کیلئے وضح کردہ احتیاطی تدابیر کی روشنی میں لوگوں کے اجتماع پر پابندی ہے لہٰذا حکومت پاکستان زائرین کے روانگی کے وقت دونوں ملکوں میں اس وباء کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زائرین کی روانگی کا حتمی فیصلہ کرے گی۔