نئی دہلی ، ممبئی (این این آئی ، آن لائن)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو بھی ٹیم سے نکالے جانے کا امکان ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا امکان ہے۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 17 نومبر سے شروع ہو گی جس میں ویرات کوہلی، جسپریت بھمرا، راہول، محمد شامی، ایشون، پنٹ اور جڈیجا کو آرام دینے کا امکان ہے۔بھارتی میڈیا نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کی قیادت روہیت شرما کریں گے کیونکہ ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سے پہلے ہی الگ ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ ویرات کوہلی کو ون ڈے کی کپتانی سے بھی ہٹا دیا جائے گا جبکہ ہوم سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں ہوگا۔دوسری جانب آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے پر سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے بھارتی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل دیو نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ جب کھلاڑی ملک کے لیے کھیلنے پر انڈین پریمئر لیگ کو ترجیح دیتے ہیں تو ہم کیا کہہ سکتے ہیں، کھلاڑیوں کو اپنی قوم کے لیے کھیلنے پر فخر کرنا چاہیے۔کپل دیو نے کہا کہ میں ان کے مالی حالات نہیں جانتا اس لیے زیادہ کچھ نہیں کہہ
سکتا لیکن مجھے لگتا ہے کہ سب سے پہلے ملک کی ٹیم اور پھر فرنچائزز ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ فرنچائز کے لیے کرکٹ نہ کھیلو لیکن ذمہ داری اب بی سی سی آئی پر ہے کہ وہ اپنی کرکٹ کو بہتر انداز میں پلان کرے، اس ٹورنامنٹ میں ہم نے جو غلطیاں کی ہیں اسے نہ دہرانا ہمارے لیے سب سے بڑا سبق ہے۔سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ یہ مستقبل کو دیکھنے کا وقت ہے، آپ کو فورا منصوبہ بندی شروع کر دینی چاہیے۔کپل دیو نے مزید کہا کہ مجھے صرف یہ لگتا ہے کہ آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کے درمیان کچھ فرق ہونا چاہیے تھا۔