کراچی(این این آئی)کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پشتون تحفظ موومنٹ کے ر رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور دیگر 10 افراد پر سہراب گوٹھ میں ریلی سے
خطاب کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کے کیس میں فرد جرم عائد کردی ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے علی وزیر اور دیگر ملزمان نوراللہ ترین، بصیراللہ، احسان اللہ، شیر ایوب خان، محمد شیر، جاوید رحیم، محمد طاہر عرف قاضی طاہر، ابراہیم خان، نعمت اللہ عرف عادل شاہ اور محمد سرور پر فرد جرم عائد کردی۔واضح رہے کہ پولیس نے علی وزیر اور پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ، محمد شفیع اور ہدایت اللہ پشتین سمیت کئی ارکان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا تھا۔پولیس نے 6 دسمبر 2020 کو کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ریلی سے خطاب کے دوران عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے اور سیکیورٹی فورسز پر توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کے الزام پر ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا تھا۔