لاہور (آن لائن) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ15 ارب ڈالر کے قرضوں میں قوم کو صرف لنگر خانے اور پناہ گاہیں ملی ہیں ۔ نالائق اور نکمے حکمران کام کے نہ کاج صرف اناج کے دشمن ہیں۔
عمران خان کے جھوٹے وعدے اور سبز باغ بس ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ایک کروڑ نوکریاں دینے والے وزیراعظم نے دو کروڑ لوگ مزید غریب ردیے ہیں ۔صدقے اور خیرات سے چلنے والی حکومت کے پاس غریبوں کو دلاسے دینے کے سواکچھ نہیں بچا۔عظمیٰ زاہدبخاری نے مزید کہاعمران خان نے سوا تین سال میں تین سے زائد جھوٹ بولے ہیں ۔انکی بدقسمتی ہے کہ انکا ہر جھوٹ پکڑا جاتا ہے۔جھوٹ کے سہارے چلنے والی حکومت ہمیشہ سچ کو چھپانے کی کوشش کرتی ہے۔اگر مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی جیسے بحرانوں کا خاتمہ نہ کرتی تو آج ملک میں ہر طرف اندھیرے اور تباہی کا سماء ہوتا۔ نوازشریف نے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ملک میں نیشنل ایکشن پلان کا قیام عمل میں لایا ۔نیشنل ایکشن پلان کے ثمرات آج پوری قوم کے سامنے ہیں۔ تین سالوں میں عمران خان نے نیشنل ایکشن پلان کی ایک بھی میٹنگ نہیں بلائی ۔اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ان پاکستان میں قیام امن اور ترقی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔