لاہور(این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ تمام اداروں کو متحرک کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات میں تیزی لائی جائے،حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہے،
لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کو مہنگائی کی روک تھام کیلئے حکومت پنجاب کے اقداما ت پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں،منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کریں،تمام عوامی فلاحی منصوبوں کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے،قانون کی بالا دستی یقینی بنانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان کو بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے،صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تمام اداروں کو متحرک کر کے عوامی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جائے،حکومت مختلف پروگرامز کے ذریعے کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کر رہی ہے۔