اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹارگٹڈ سبسڈی کے وزیراعظم عمران خان کے اعلان کو قوم سے تازہ فریب، جھوٹ اور فراڈ قرار دے دیا ۔ اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب کو صرف اپنا ، اپنے مافیا اور اے ٹی ایمز کا احساس ہے ،عوام کا آپ کا کوئی احساس پروگرام نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو آپ کا کوئی ریلیف نہیں چاہیے
کیونکہ آپ کوئی ریلیف دینے کی صلاحیت نہیں رکھتے ،آپ صرف اپوزیشن کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالنے کا احساس اور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ صرف میڈیا اور صحافیوں پہ حملے کا احساس اور صلاحیت رکھتے ہیں،آپ صرف مافیا اور اے ٹی ایمز کی جیبیں بھرنے کا احساس اور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو اب اس جھوٹی، فراڈ اور کرپٹ حکومت کی کسی بات پر یقین نہیں، عمران صاحب استعفیٰ دیں، گھر جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب آئی ایم ایف سے 34 روپے پٹرول بڑھانے کا ہاتھ ملا کر پاکستان میں سبسڈی کے ڈرامے کررہے ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب ابھی بجلی، پٹرول، گیس، آٹا چینی سمیت ہر چیز مزید مہنگی کرنے جارہے ہیں اور قوم کے ساتھ ڈرامے؟،عالمی معاشی جریدے کے مطابق پاکستان دنیا کا چوتھا مہنگا ترین ملک بن گیا، ترقی کی شرح زمین بوس ہے اور ڈرامے جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تین سال میں مہنگائی کی بے حسی دکھا کر عمران صاحب کس احساس پرگرائم کو بڑھانے کی بات کر رہے ہیں ؟کسے بے وقوف بنا رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ وعدہ تو یہ بھی تھا کہ خودکشی کرلوں گا، آئی ایم
ایف نہیں جائوں گا،وعدہ تو ایک کڑوڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کا بھی کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ آپ کرپشن کرسکتے ہیں، جھوٹ، فراڈ اور یوٹرن آپ کی صلاحیت ہے، عوام کو آپ کی کسی بات پر اعتبار ہے نہ یقین ،عوام کو عمران صاحب سے کسی ریلیف کی توقع ہی ختم ہوچکی ہے، عمران صاحب ڈرامے نہ کریں، گھر جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار سے پہلی والی گردان ”کررہے ہیں، آر ہے ہیں،
جارہے ہیں، ہوجائے گا، کریں گے” سے قوم عاجز آچکی ہے، استعفیٰ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ پورے پاکستان کو پسماندگی میں دھکیل کر کس احساس کی بات کررہے ہیں؟، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے آپ کی حکومت کو کرپٹ ترین قرار دے کر کرپشن کے لئے آپ کے احساس کی گواہی دی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈالر 40 فیصد مہنگا، پٹرول 45 فیصد سے زائد مہنگا کرکے ٹارگٹڈ سبسڈی کی باتیں قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 38 ماہ میں ڈالر 124 سے 173.50 روپے کی سطح پر چلا گیا، پٹرول95 سے 138 پر پہنچ گیا، یہ ہے آپ کا احساس،2018 سے اب تک خوردنی تیل اور گھی پر 100 فیصد ڈیوٹیز، ٹیکس بڑھا کر احساس کی بات کرتے ہیں ،بدترین مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی سے ایک ہسنتے بستے ملک کو اجاڑ دیا۔ انہوںنے کہاکہ موٹر سائکل، رکشہ، مزدور، دیہاڑی دار، طالب علم، ڈاکٹر، وکیل سمیت ہر پاکستانی چاہتا ہے کہ آپ سے جلد نجات ملے ،غریب کو نہیں پورے ملک کو پسماندہ کر دیا ہے، عمران صاحب ڈراموں سے ملک چل سکتا ہے، نہ غریب کو مہنگائی سے نجات مل سکتی ہے۔