سرگودھا(این این آئی) ڈسٹرکٹ اینڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث نرسری وارڈ کے چار شیر خوار بچے دم توڑ گئے جن کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے رپورٹ طلب کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا۔جس پر کمشنر نے زمہ داروں کے تعین کے لئے چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔زرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے نرسری وارڈ
میں آکسیجن کی کمی کے باعث زیر علاج چار شیر خوار بچے دم توڑ گے۔جس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیکرٹری صحت اور کمشنر سرگودھا سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے فراہمی انصاف کا یقین دلایا۔وزیراعلی کے ایکشن پر کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے نرسری وارڈ میں چار شیر خوار بچوں کی موت زمہ داران کے تعین کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے کر ڈائریکٹر ہیلتھ ، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کو فوری تحقیقات کر کے چوبیس گھنٹے میں سانحہ کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس سانحہ پر وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس واقعہ پر ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کر کے سانحہ کی ابتدائی معلومات حاصل کر کے کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود کو واقعہ کے بارے حقائق سے آگاہ کیا اور انکوائری کمیٹی نے بھی ڈیوٹی سٹاف سمیت معاملہ کی چھان بین شروع کر دی ہے۔