اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئی لیفٹیننٹ جنرل عمران خان کو انٹرویو دینے نہیں جائے گا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کچھ شخصیات سے بات کی کہ عمران خان انٹرویو لیں گے۔ادھر اتنی
تلخی تھی کہ انہوں نے کہا کہ کیا کوئی مذاق ہو رہا ہے۔وہ جو پڑھا رہے ہیں اور دنیا بھر کے لوگوں کو کورسز کرا رہے ہیں،کیا یہ کوئی مذاق ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل سے انٹرویو لیا جائے گا۔کیا میجر جنرل اور لیفٹیننٹ جنرل بننا آسان ہے،اتنی تلخی تھی کہ انہوں نے مجھ سے سوال کیا کہ آپ مذاق کر رہے ہیں یا سنجیدہ ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے معاملات طے ہیں۔ اعلان اگلے سات دن تک ہوسکتا ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران شیخ رشید نے حکومت اور فوج میں کسی بھی نوعیت کے اختلاف کی تردید کی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے، لیکن اس کے باوجود بعض باتوں کا جواب وزیراعظم عمران خان ہی دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ بہت جلدی گھبرا جاتے ہیں، اس معاملے پر عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لے لیا ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ میرے پاس جو اطلاعات ہیں، اس کے مطابق سب کچھ طے ہوچکا ہے، ہوسکتا ہے کل اعلان ہو جائے یا پیر کو ہوجائے بہرحال جمعہ تک سب ٹھیک ہوجائے گا۔