اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے پوری دنیا میں ایٹمی فلیش پوائنٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہی ہے، نیوکلیئر ڈیٹرنس کی وجہ سے پاکستان اور
بھارت میں جنگ نہیں ہوئی۔برطانوی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر متنازع علاقہ ہے ، کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو کھلی جیل میں رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتِ حال پر اقوام متحدہ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، شاید مقبوضہ کشمیر جیسی بدتر صورتِ حال کہیں بھی نہیں ، کشمیریوں کو فیصلہ کرنے دیا جائے کہ پاکستان یا بھارت کس کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا کا ساتھ دینے پر پشتون پاکستان کے خلاف ہوئے، ریاست پر حملے کیے، اب امریکا علاقے سے نکل گیا ہے، پشتونوں سے لڑائی میں کسی کے اتحادی نہیں رہے، کسی کا ساتھ نہیں دے رہے، اب اْن کی جارحیت بھی کم ہوگئی ہے۔