اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا صارفین نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کی نماز جنازہ میں شرکت نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان اور بھارت کے ایٹمی سائنسدان عبد الکلام آزاد کے جنازوں کا موازنہ بھی کیا۔
عبد الکلام آزاد کے نماز جنازہ میں بھارتی وزیراعظم مودی نے نہ صرف شرکت کی بلکہ جُھک کر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا اور ان کی آخری رسومات میں شریک ہوئے لیکن اس کے برعکس وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کی نماز جنازہ میں محض ایک ٹویٹ کر کے اظہار افسوس کیا اور ان کے جنازے میں شرکت تک نہیں کی جس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے۔ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم ان سے بہت پیار کرتی ہے کیوں کہ انہوں نے ہمیں ایٹمی ہتھیاروں کی ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان کے انتقال پر بہت دکھ ہوا ، انہوں نے ہمیں ایک جارحیت والے بڑے ایٹمی پڑوسی کے خلاف تحفظ فراہم کیا ہے ، پاکستانی عوام کے لیے وہ ایک قومی ہیرو ہیں۔