ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کی ماڈل و اداکارہ راکھی ساونت نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری سے متعلق ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیر کا شکار کرو، گیدڑ کی طرح بچے کو مت پکڑو۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔وہیں دوسری جانب بالی وڈ شخصیات کی جانب سے آریان کی گرفتاری پر شاہ رخ خان سے یکجہتی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ راکھی ساونت نے بھی بھارتی ایجنسی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) پر چڑھائی کی ہے۔انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ویڈیو بیان میں راکھی ساونت نے کہا کہ میں یہ نہیں جانتی کہ سچ اور جھوٹ کیا ہے اور کون کس کو پھنسا رہا ہے؟ ایک ہی بات کہنا چاہتی ہوں کہ آپ لوگ شیر ہو تو شیر سے لڑو اور گیدڑ بن کر بچے کا شکار مت کرو۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہوئے دکھ ہوتا ہے کہ بہت سارے شہروں میں کچرے کے ڈھیر پر بچے منشیات پی کر مرجاتے ہیں اور وہیں سے ان کی لاشیں ملتی ہیں لیکن وہاں جاکر منشیات بیچنے والوں کو کوئی نہیں پکڑتا۔