لاہور( این این آئی)وفاقی حکومت نے چینی کی سرکاری ریٹیل اور ایکس ملز قیمت میں 25 پیسے فی کلو کا اضافہ کردیا، ریٹیل قیمت 89.50 سے بڑھا کر 89.75 روپے فی کلو کردی گئی۔وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے چینی کی نئی سرکاری قیمتوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے
جس کے بعد چینی کا ایکس ملز ریٹ 84.50 روپے سے بڑھاکر 84.75 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے۔ سیلز ٹیکس سمیت چینی کا نیا ایکس ملز ریٹ 84.75 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق چینی کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت 89 روپے 75 پیسے فی کلو کر دی گئی ہے، چینی کی نئی سرکاری قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق چینی کی نئی قیمتیں 15 نومبر 2021 تک نافذ العمل رہیں گی۔ قیمتوںپر عملدرآمد کیلئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریزاور کمشنر اسلام آباد کو بھی بھجوایا گیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق زائد قیمت پر چینی بیچنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، عملدرآمد نہ کرنے پر شوگر ملز، ڈیلرز، ڈسٹریبیوٹرز، ریٹیلرز کے خلاف کارروائی ہوگی۔اس سے قبل حکومت نے 30 جولائی کو چینی کی ریٹیل اور ایکس ملز قیمت مقرر کی تھی، سیلز ٹیکس سمیت چینی کا ایکس ملز ریٹ 84.50 روپے فی کلو مقرر کیا گیا تھا، چینی کی سرکاری ریٹیل قیمت 89.50 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔اس حوالے سے معاملہ عدالت میں بھی زیر سماعت رہا۔