اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے مثبت اشارے نہیں مل رہے، انگلینڈ بورڈ اگلے ایک دو روز میں دورے کے حوالے سے کوئی اہم اعلان کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کا آئندہ ماہ ہونے والے دورہ کے مثبت اشارے نہیں مل رہے، پی سی بی نے سیریز کے انعقاد کے لیے نظریں حکومت پر جما لیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اب سارا فوکس ڈومیسٹک کرکٹ اور ٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی بہترین تیاریوں پر کر لیا۔بورڈ کو خدشہ ہے کہ جس انٹیلی جنس اتحاد کی بنیاد پر نیوزی لینڈ نے دورہ ختم کیا تو اس میں شامل انگلینڈ کیسے پاکستان آئے گا، حکومتی سطح پر ہی اب سیریز کے انعقاد کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، انگلینڈ نہ آیا تو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے تسلسل کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ پی سی بی پْرامید ہے کہ حکومتِ پاکستان انگلینڈ کے دورے کو ممکن بنانے کے لیے ہر ممکن اثر و رسوخ استعمال کرے گی۔ادھر انگلینڈ بورڈ اگلے ایک دو روز میں دورے کے حوالے کوئی اہم اعلان کرسکتا ہے، انگلینڈ نے 13 اور 14 اکتوبر کو پنڈی اسٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہے اور انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔