مریدکے (آن لائن)چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے واپس جانے کے واقعہ نے جعلی حکمرانوں کی عزت کا جنازہ نکال دیا ہے اور ہمارے دور میں دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کو ریلو کٹے کہہ کر
تنقید کرنے والوں کے لیے شرم کا لفظ بھی کم تر ہے۔، سبز پاسپورٹ کو دنیا میں عزت دلانے کا نعرہ لگانے والوں کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان نہ صرف اندرونی بلکہ بیرونی طور پر بھی خفگی کا شکار ہے۔اپنے ایک بیان میں راناتنویر حسین نے کہا کہ حکومتی ترجمان دورہ نیوزی لینڈ کی منسوخی کی وجہ بیرونی سازش قرار دیتے رہے مگر سازشی اپنا کام دکھا کر ٹیم کو واپس لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت نے بڑی محنت کرکے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ بحال کی تھی اور میاں شہبا ز شریف نے فول پروف سکیورٹی کے ذریعے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا اعتماد حاصل کیا تھا مگر نا اہل حکمرانوں نے ہماری ساری محنت پر پانی پھیر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی طرف دوڑتے ہوئے ملک کو تباہی کی طرف دوڑانے والے حکمران اب پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کر رہے ہیں لیکن ان کی رنگ بازیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان میں کھیلوں کا قتل کیا ہے جو خودکو مہذب کہلانے والے ملک کے شایان شان نہیں ہے۔ ملک کے وزیر اعظم کی ٹیلی فون کال کو رد کرنے سے یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ ہنڈ سم وزیر اعظم بیرون دنیا کے لیے ایک میئر کی حیثیت بھی نہیں رکھتے۔