کراچی (این این آئی)درآمدات اور غیرملکی ادائیگیوں میں اضافے کے سبب اگست میں تجارتی خسارہ ایک ارب 47 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اگست 2021 میں جاری کھاتوں کا خسارہ ایک ارب 47 کروڑ ڈالر رہا جبکہ گذشتہ سال اگست میں ہی جاری کھاتے 25 کروڑ ڈالر سرپلس رہے تھے۔ دوسری جانب رواں مالی سال جولائی سے اگست کے دوران جاری کھاتوں کا خسارہ 2 ارب 29 کروڑ ڈالر رہا جبکہ گذشتہ سال انہی دو ماہ میں جاری کھاتے 83 کروڑ ڈالر سرپلس رہے تھے۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق درآمدات اور قرض و سود کی ادائیگیوں میں اضافے کے سبب جاری کھاتوں کا خسارہ بڑھ رہا ہے۔ حکومت کو برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ جاری کھاتوں میں کمی لائی جاسکے۔