پشاور (این این آئی)وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں سب کچھ شفاف اور آسان ہو جائے گا اور 15 سیکنڈز میں نتیجہ ملے گا۔شبلی فراز نے انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم نے انتخابی اصلاحات پر کام
کیا، 90 دن کے اندر الیکٹرانک ووٹنگ مشین بنائی، عام طریقے سے گنتی میں 18 لاکھ ووٹ ضائع ہوتے ہیں، مشین سے ووٹ ضائع نہیں ہوگا۔شبلی فراز نے کہا کہ ووٹنگ میں لوگوں کے بجائے ہم ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا تعلق انٹرنیٹ سے نہیں ہے یہ ہیک نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ ووٹنگ مشین میں ووٹر کا ریکارڈ ہوگا، ووٹنگ مشین سیجمہوریت کو فائدہ ہے، آئندہ الیکشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن بھی اپنے ماہرین لا کر ووٹنگ مشین کا معائنہ کرے، ووٹنگ مشین میں ووٹر کی پرائیویسی محفوظ رہے گی۔وفاقی وزیر شبلی فراز نے یونیورسٹی میں اپنے خطاب میں کہا کہ میرا جامعہ پشاور سے ایک روحانی تعلق ہے، ہمارا مقصد صرف ڈگریاں بنانا نہیں بلکہ قابل انجینئرز پیدا کرنا ہے، ماضی میں تعلیم پر کسی نے خاص توجہ نہیں دی تھی، ملک کے مستقبل کے لئے ساتھ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ یہ انجینئرنگ یونیورسٹی قومی سطح پر بہترین یونیورسٹیوں میں شمار ہو۔