لاہور، کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے سینئر صحافی عامر میر کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق عامر میر دفتر جانے کے لیے صبح گھر سے نکلے تو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے انہیں حراست میں لے لیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف آئی اے کا عملہ عامر میر کو کار سمیت ساتھ
لے گیا۔ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق عامر میر سائبر کرائم کے پاس ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ عامر میر کو کس کیس میں گرفتار کیا گیا۔یاد رہے کہ سینئر صحافی عامر میر آج کل اپنا ویب چینل چلاتے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ لاہور سے ہی صحافی عمران شفقت کوبھی حراست میں لیاگیا ہے۔ذرائع کے مطابق عمران شفقت کو بھی ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے پکڑا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں صحافی عامر میر اور عمران شفقت کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان سیاسی مخالفین اور میڈیا کے ناقدین کو نشانہ بنا رہے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان اپنی ناکامی اور نااہلی چھپانے کے لیے ناقدین کو نشانہ بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں صحافیوں کو فوری رہائی کیا جائے۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک ہی دن میں دو صحافیوں کا اغوا ء نہایت ہی
تشویشناک ہے ۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ صحافی برادری کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے ،اس میں کوتاہی مجرمانہ ہے ،تنقید کرنے پر کسی کو غائب کردینا غیر اعلانیہ مارشل لا ء ہے، کس کس کو چپ کرائیں گے؟ اب تو پورا ملک بول رہا ہے ،یہ حرکتیں آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑیں گی۔