اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارتِ اطلاعات و ٹیکنالوجی نے سرکاری ریکارڈ اور ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لیے ملکی سطح پر تیار کردہ پہلا سرکاری موبائل فون متعارف کروا دیا ہے۔ابتدائی طور پر یہ موبائل وفاقی وزارتوں کے افسران اور کیڈر سروس کے ملازمین کو دیا جائے گا تاکہ وہ سرکاری معاملات اور باہمی رابطے زیادہ محفوظ اور جدید طریقے سے انجام دے سکیں۔
اس ڈیوائس کے ذریعے افسران ایک دوسرے سے منسلک رہیں گے اور دفتری امور کو باآسانی چلا سکیں گے۔یہ فون نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) نے تیار کیا ہے جو سرکاری انٹرنیٹ اور ای آفس سسٹم کے ساتھ منسلک ہو کر کام کرے گا۔ این ٹی سی کے مطابق موبائل میں ڈیٹا کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں، اور اس میں موجود تمام معلومات ڈیوائس کے اندر ہی محفوظ رہیں گی، جنہیں کسی بیرونی پلیٹ فارم پر منتقل نہیں کیا جا سکے گا۔ادارے کا کہنا ہے کہ فون کی ٹیکنالوجی، فیچرز اور پرزے مقامی سطح پر تیار کیے گئے ہیں۔ منصوبے کو مرحلہ وار دیگر سرکاری اداروں اور صوبائی محکموں تک بھی وسیع کیا جائے گا۔ فون کی قیمت 60 سے 70 ہزار روپے کے درمیان رکھی گئی ہے، جبکہ پائلٹ مرحلے کا آغاز جلد متوقع ہے۔















































