اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا پابندیوں سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق اماراتی سفارتکار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ویزا اجرا معمول کے مطابق جاری ہے اور پاکستانی ملازمین سمیت مختلف کیٹگریز میں روزانہ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔سفارتکار نے وضاحت کی کہ امارات نے تمام ممالک کے لیے ایک یکساں اور جامع ویزا سسٹم نافذ کیا ہے۔
کچھ پاکستانی ٹریول ایجنٹس کی جانب سے ویزا درخواست دہندگان کے کوائف میں رد و بدل کیا گیا تھا، جس کے باعث اماراتی حکام اور ویزا ہولڈرز دونوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ان کے مطابق پاکستان کو ریکارڈ میں چھیڑ چھاڑ کے ان معاملات سے آگاہ بھی کیا گیا تھا، اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے بائیومیٹرک نظام نافذ کیا گیا۔سفارتکار نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں اس وقت 22 لاکھ 70 ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، اور معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث افراد کو بھی اپنا ڈیٹا درست کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چوہدری نے سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق میں دعویٰ کیا تھا کہ امارات پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری نہیں کر رہا۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب اور یو اے ای نے پاکستانی پاسپورٹ پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا تھا، تاہم آخری لمحے پر ایسا نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس وقت اماراتی ویزا صرف سرکاری یعنی نیلے پاسپورٹ اور سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کو جاری کیا جا رہا ہے، تاہم اماراتی سفارتکار کے تازہ بیان نے اس تاثر کی نفی کر دی ہے۔















































