اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،اشیائے خوردو نوش کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ منافع خوروں اور مافیا کے خلاف بھرپور کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، معاون خصوصی برائے سیاسی مواصلات ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ شوکت ترین،چیف سیکرٹری پنجاب اور بلوچستان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تحصیل و ضلعی انتظامیہ اور مسابقتی کمیشن کے ذریعے اشیائے خوردو نوش کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ منافع خوروں اور مافیا کے خلاف بھرپور کاروائی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو سہولت فراہم کی جائے۔وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ قیمتوں کے حوالے سے غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم نے قیمتوں کی مستقل بنیادوں پر نگرانی اور مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے حوالے سے قائم سیل کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،اشیائے خوردو نوش کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ منافع خوروں اور مافیا کے خلاف بھرپور کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔