اسلام آباد (این این آئی)جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت ایک بار پھر ٹپک پڑی۔ انٹرنیشنل ڈیپارچر ایف آئی اے کاؤنٹر کے قریب چھت پرنالے کا منظر پیش کرنے لگی۔
ایئرپورٹ پر چھت سے سیلنگ نیچے جا گری، سیلنگ نیچے گرنے سے ہال میں سیلنگ کے ٹکڑوں کا ڈھیر لگ گیا۔سیلنگ کے گرنے سے پانی ٹرمینل میں داخل ہوگیا، ٹرمینل میں پانی کے داخل ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ( ارسا) نے تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 15 ہزار کیوسک کم کردیا ہے۔ذرائع وزارت توانائی کے مطابق تربیلا سے پانی کا اخراج کم ہونے سے 1 ہزار میگا واٹ تک بجلی کی پیداوار کم ہوجائے گی۔ذرائع کے مطابق ارسا نے تربیلا سے پانی کا اخراج ڈیڑھ لاکھ سے کم کر کے 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک کردیا ہے۔ذرائع وزارت توانائی کے مطابق اس سے قبل منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج کم کرنے پر 600 میگاواٹ تک بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔ذرائع کے مطابق منگلا ہائیڈرو پاور سے صرف 200 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے جبکہ تربیلا سے بجلی کی پیداوار 3 ہزار میگاواٹ سے بھی نیچے آگئی ہے۔