اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ یومِ شہدائے کشمیر پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم 13 جولائی 1931ء کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 13 جولائی
1931ء کو مہاراجہ ڈوگرا کے فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قبضے اور ظلم و بربریت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد، مزاحمت اور قربانیوں کی ایک تاریخ ہے۔وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ ڈوگرا مہاراجہ کے سپاہیوں کی پر امن مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں 22 کشمیری شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کا جذبہ آج بھی زندہ ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیری مرد اور خواتین بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنے تک کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔دوسری جانب وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےکہا ہے کہ 13 جولائی 1931، یوم شہدائے کشمیر کی یاد میں قرآن کی عزت و حرمت اور جبر کے خلاف کلمہ حق کہنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری
نے کہاکہ آج کے دن 21 کشمیریوں کو اس لیے شہید کردیا گیا کہ انہوں نے جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق کہا تھا۔فواد چوہدری نے کہاکہ تاریخ جموں و کشمیر کے عوام کی بے مثال بہادری کی یاد دلاتی ہے۔