اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء کی چوتھی لہر سر اٹھانے لگی ،کورونا کیسز کی شرح 4 فی صد سے اوپر چلی گئی ،کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 980
کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 27 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 908 کورونا مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 09 فیصد ہو گئی۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 582 ہو گئی ،کْل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 73 ہزار 284 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کْل 37 ہزار 499 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 119 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کْل 9 لاکھ 13 ہزار 203 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 48 ہزار 382 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کْل 1 کروڑ 50 لاکھ 56 ہزار 787 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہے، یہاں اب تک 3 لاکھ 48 ہزار 85 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کْل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 819 ہو چکی ہیں۔سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار 360 ہو چکی ہے،
جبکہ اس سے کْل اموات 5 ہزار 599 ہو گئیں۔خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 39 ہزار 313 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کْل اموات 4 ہزار 359 ہو گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 83 ہزار 647 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، اب تک یہاں کْل 783 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کورونا وائرس کے بلوچستان میں 27 ہزار 961 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 317 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 21 ہزار 67 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے باعث اب تک یہاں کْل 594 مریض وفات پا چکے ہیں۔گِلگت بلتستان میں 6 ہزار 851 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 111 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔