اسلام آباد( آن لائن وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کورونا کی چوتھی لہر شروع ہونے سے متعلق خبردار کرتے ہوئے ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی صورت میں شادی ہالز اور ریسٹورینٹس بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔ ٹوئٹر پر
جاری بیان میں اسد عمر نے کہا کہ 2 ہفتے پہلے بتایا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کورونا کی چوتھی لہر کے امکانات ظاہر کررہی ہے، چوتھی لہر سے متعلق 2 ہفتے پہلے ہی خبردار کردیا تھا، اب کورونا کی چوتھی لہر شروع ہونے کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شادی ہالز اور ریسٹورینٹس میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے متعلق ایس اوپی پر عمل نہیں ہورہا، ایس اوپیز پرعمل نا ہوا تو شادی ہالز اور انڈور ڈائیننگ بند کردیں گے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہوٹل اور جم مالکان نے ذمہ داری نا دکھائی تویہ سہولت بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نا ہوگا۔دوسری جانب پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 25 افراد انتقال کرگئے اور 1737 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 47 ہزار 528 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1737 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 25 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.65 فیصد رہی۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 22518 ہو گئی اور مجموعی کیسز 9 لاکھ 67 ہزار 633 تک جاپہنچے ہیں۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 774 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 11 ہزار 383 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 35573 ہے ۔