ممبئی(این این آئی)دلیپ کمار نے سائرہ بانو سے شادی کے 14 برس بعد اولاد کیلئے اسما رحمان نامی خاتون سے چْھپ کر شادی کی تھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والی خاتون اسما صاحبہ سے دلیپ کمار نے 1981 میں شادی کی تھی۔سماجی کارکن کے طور پر کام کرنے والی اسما رحمان اور دلیپ کمار کی ملاقات حیدرآباد میں ایک کرکٹ میچ کے
دوران ہوئی۔دلیپ کمار نے اولاد کیلئے یہ شادی کی تھی تاہم یہ دوسری شادی زیادہ دیر تک نہیں چل سکی اور 1983 میں طلاق ہو گئی۔دلیپ کمار کو ان کی دونوں بیویوں سے کوئی اولاد نصیب نہیں ہوئی۔ اپنی سوانح عمری ’دلیپ کمار: سبسٹنس اینڈ دی شیڈو‘ میں اس بات کا انکشاف کیاگیا کہ 1972 میںسائرہ بانو امید سے تھیں، حمل کے آٹھویں ماہ کے بعد مسائل ہوئے اور ڈاکٹر بچے کو بچا نہ سکے اور ہم اس کے بعد سے ہی خدا کی رضاء میں راضی ہوگئے۔دلیپ کمار نے اسماء سے شادی کو اپنی زندگی کی سنگین غلطی بھی قرار دیا ہے۔دوسری جانب ہر دلعزیز فنکار دلیپ کمار کو ’دی ٹریجیڈی کنگ‘ کے لقب سے بھی جانا جاتا ہے، دلیپ کمار نے بھارتی فلم انڈسٹری میں تقریباً 50 برسوں پر محیط لمبے عرصے تک راج کیا ہے، اس دوران انہوں نے تقریباً 65 فلموں میں 62 فلم ڈائیریکٹرز کے ساتھ کام کیا۔دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944ء میں فلم ’جوار بھاٹا‘ سے کیا تھا جبکہ اْنہیں فلم انڈسٹری میں اصل پہچان 1960ء میں تاریخی فلم ’مغلِ اعظم‘ میں شہزادہ سلیم کا کردار ادا کرنے پر ملی تھی۔دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران مغل اعظم، ملن، جگنو، شہید، ندیا کے پار، انداز جوگن، بابل، آرزو، ترانہ، ہلچل، دیدار، سنگدل، داغ، آن، شکست، فٹ پاتھ، اڑن کٹھولا، انسانیت، دیوداس، نیا دور، پیغام، کوہ نور، گنگا جمنا، شکتی، سمیت کئی لازوال فلموں میں عمدہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔دلیپ کمار کو 8 بار فلم فیئر ایوارڈ سمیت انڈین فلم کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ، پدما بھوشن ایوارڈ اور کئی اعزازات سے نوزا گیا۔ دلیپ کمار کو 1998 میں پاکستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا تھا۔دلیپ کمار نے اپنے کیریئر کا سب سے پہلا ایوارڈ 1950ء کی دہائی میں اور سب سے آخری ایوارڈ 1982ء میں حا صل کیا ، 1970 دلیپ کمار کے کیریئر کا وہ واحد سال تھا جس میں انہیں کوئی ایوارڈ نہیں ملا تھا۔دلیپ کمار کو بہترین اداکار کا ایوارڈ 1952ء میں فلم داغ کیلئے، 1955 میں فلم آزاد اور دیوداس، 1957 میں فلم نیا دور، 1960 میں فلم کوہ نور، 1964 میں فلم لیڈر، 1967 میں فلم رام اور شیام اور 1982 میں شکتی میں نوازا گیا تھا۔واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عْمر میں انتقال کر گئے ہیں۔دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اْن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکائونٹ پر اْن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے جاری کی گئی تھی۔



















































