دبئی، لاہور،سینٹ لوسیا (این این آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے۔نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے اور کائل جیمی سن ، جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک کو نامزدگیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ویمنز پلیئر آف دی منتھ کیلئے بھارت کی اسنہہ رانا، شفالی ورما اور انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹن شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس بار کوئی پاکستانی مرد اور خاتون کرکٹر اس فہرست میں شامل نہیں ۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی -20 کرکٹ میچ9 جولائی کو کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا آغاز 9 جولائی سے ہو گا۔ سیریز کا دوسرا میچ 10 جولائی، تیسرا میچ 12 جولائی، چوتھا 14 جولائی جبکہ پانچواں اور آخری ٹی 20 میچ 16 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ سیریزکے تمام میچز گروس آئیلٹ ، سینٹ لوسیا میں کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 20 جولائی، دوسرا 22 جولائی جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 24 جولائی کو کھیلا جائے گا،میچز برج ٹائون ،بارباڈوس میں کھیلے جائیں گے۔ دریں اثنا سابق کپتان انضمام الحق نے کہاہے کہ مصباح پر تنقید شعیب ملک کی راہ میں رکاوٹ بن گئی۔ایک انٹرویو میں انضمام الحق نے کہا کہ شعیب ملک نے کچھ عرصے قبل ہیڈ کوچ مصباح الحق کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اسی وجہ سے انھیں دوبارہ ٹیم میں شامل نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو مڈل آرڈر میں کسی تجربہ کار بیٹسمین کی ضرورت ہے، شعیب ملک نے ماضی میں ملک کیلیے اچھا پرفارم کیا ہے،ورلڈ کپ سے قبل تجربات کے زیادہ مواقع نہیں مگرمصباح الحق کی وجہ سے آل رائونڈر کو شامل نہیں کیا جائے گا۔