اسلام آباد(این این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ جتنا نقصان نیب نے پہنچایا کسی اور ادارے نے نہیں پہنچایا ،نیب مجرموں کو چھپانے اور کرپشن بچانے کیلئے استعمال ہو رہا ہے۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ وہ پھر کہتے ہیں ان عدالتوں
میں کیمرے لگائیں اور عوام کو دکھائیں، جو گواہ آتا ہے وہ کہتا ہے نہ حکومت کو نقصان ہوا نہ عوام کا پیسہ لگا۔ انہوں نے کہاکہ کیس یہ ہے کہ ایل این جی ٹرمنل نہیں لگنا چاہیے تھا، یہاں کابینہ کا اجلاس ہوتا ہے کہ چھ دن ایل این جی بند ہونے پر کیا نقصانات ہوئے۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ چیئرمین نیب یہ تو پتہ کر لیں کہ ایل این جی کی ضرورت تھی یا نہیں تھی۔ انہوں نے کہاکہ پٹرولیم کے سیکرٹری کہہ رہے ہیں کہ نیب کاموں میں مداخلت کر رہا ہے، جتنا نقصان نیب نے پہنچایا، کسی اور ادارے نے نہیں پہنچایا، آج نیب مجرموں کو چھپانے اور کرپشن بچانے کیلئے استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے بل کے اندر پونے تین روپے بجلی بڑھ گئی ہے، یہ تماشے لگیں گے، مہنگائی اور بڑھے گی،۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت اقتدار میں ہے، آپ نیب کو چلالیں یا حکومت کو چلا لیں ،نیب ملک کو آپ سے بہتر چلا لے گا۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب کو کہتا ہوں کیسز ختم کریں،نیب کے ہوتے ہوئے ملکی ترقی ممکن نہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ شہباز شریف اور رانا تنویر حسین سے معذرت کر چکا ہوں،ٹی وی چینل سے درخواست ہے کہ میرا 55 منٹ کا انٹرویو چلائیں۔