اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آر ایل این جی کی سپلائی بہتر ہونے پر پیر تک بجلی کی پیداوار بڑھ جائے گی۔تربیلا ڈیم اس وقت اپنی صلاحیت سے صرف 25 فیصد
بجلی بنا رہا ہے۔تربیلا ڈیم سے اگلے ہفتے بجلی کی زیادہ پیدوار شروع ہو جائے گی۔حماد اظہر نے مزید کہا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کے کم بہا ئوکی وجہ سے کچھ بجلی گھر مکمل صلاحیت سے کام نہیں کررہے ہیں۔ جس کی وجہ سے کچھ فیڈروں پر لوڈ شیڈنگ کا خدشہ ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے گردشی قرضے میں نمایاں کمی ہوئی ہے، حکومت نے گردشی قرضے کے مسئلے پر کامیابی سے قابو پا لیا ہے۔جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہحکومتی موثر اقدامات کی بدولت گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں گردشی قرضے میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 21-2020 میں گردشی قرضے میں پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 360ارب روپے کمی ہوئی ہے۔وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ حکومت نے اس شدید بحران پر کامیابی سے قابو پا لیاہے۔ اس سال گردشی قرضے میں صرف 177 ارب روپے اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ سال کے دوران یہ اضافہ 538 ارب روپے تھا۔