کراچی(این این آئی) سندھ حکومت نے معروف ٹک ٹاکرحریم شاہ کے شادی کے دعوے کو ڈرامہ قراردے دیا جبکہ ارکان سندھ اسمبلی نے حریم شاہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ کے سندھ کے صوبائی وزیرسے شادی کے دعوے کو ڈرامہ قراردیدیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی سندھ کی ہدایت پرمعاملے کی
فرانزک بنیادوں پرتحقیقات کرائی گئی، تحقیقات میں 17 وزیروں، تین مشیروں اورمعاونین خاص کو بھی شامل کیا گیا۔کسی وزیر یا رکن اسمبلی کے پاس حریم شاہ کا فون نمبر تھا اورنہ ہی کوئی میسج ریکارڈ میں تھا۔ذرائع کے مطابق ارکان سندھ اسمبلی نے حریم شاہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیاہے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن سندھ اسمبلی و صوبائی وزیر سے شادی کا دعویٰ کرنے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اپنے ہونے والے شوہر کی شناخت سے متعلق مزید کچھ تفصیلات بتائی ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے ان کا نام خفیہ رکھا ہے۔ساتھ ہی حریم شاہ نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ ہفتے 4 جولائی کو ہنی مون کے لیے ترکی جا رہے ہیں اور وہاں سے واپسی پر ولیمے کی تقریب منعقد کریں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ نے کہا کہ وہ اپنے دلہے میاں کی شناخت کو خفیہ رکھنے پر مجبور ہیں، کیوں کہ ان کے شوہر نے ان سے دوسری شادی کی ہے اور انہوں نے پہلی بیوی سے اجازت نہیں مانگی۔ٹک ٹاک اسٹار نے بتایا کہ ان کے شوہر نے انہیں بتایا ہے کہ وہ ایک ہفتے میں پہلی بیوی کو منالیں گے، جس کے بعد ہی وہ اپنے شوہر کی تفصیلات اور شادی کی ویڈیوز و تصاویر بھی جاری کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ وہ کھلے ذہن کی مالک ہیں اور وہ کوئی بھی چیز خفیہ رکھنے کے حق میں نہیں ہیں، انہوں نے نکاح کیا ہے، کوئی چوری نہیں کی مگر وہ شوہر کی جانب سے پہلی بیوی سے اجازت نہ لینے کی وجہ سے اپنے جیون ساتھی کی شناخت چھپانے پر مجبور ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر عمر میں ان سے کافی بڑے ہیں اور وہ نہ صرف رکن اسمبلی ہیں بلکہ صوبائی وزیر اور متحرک سیاستدان بھی ہیں، وہ ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے اپنے شوہر کی وزارت اور انتخابی حلقے کی تفصیلات سمیت ان کا آبائی ضلع یا علاقہ بتانے سے بھی گریز کیا لیکن بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں مقیم ہیں۔