لاہور(این این آئی)کورونا وباء کے باعث پاکستان میں پھنسے ہوئے بھارتی شہریوں کی واپسی کیلئے 28 جون کو ایک روز کیلئے پاک بھارت سرحد کھولنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 28جون کو پاکستان سے 461 افراد بھارت جائیں گے جبکہ بھارت جانے والوں میں 405 بھارتی شہری شامل ہیں جبکہ نوری ویزہ کے حامل 56 افراد
بھی اسی روز بھارت روانہ ہوں گے۔وزارت خارجہ پاکستان نے اس حوالے سے واہگہ بارڈر پر ضروری اقدامات کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں، بھارت واپس جانے والے تمام افراد کو روانگی سے 72 گھنٹے قبل کورونا کا ٹیسٹ کروانا ہوگا۔دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 39 افراد جاں بحق ہوگئے، 930 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 45 ہزار 519 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 930 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 950768 ہوگئی ہے جن میں سے 895690 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 39 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار073 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے اور فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 005 ہوگئی ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.04 فیصد رہی۔