لاہور( این این آئی)سابق صدر مملکت و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،
لاہور میں ہونے والی مذکورہ ملاقات بارے سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر چوہدری پرویز الٰہی گزشتہ روز بلاول ہائوس پہنچے تو سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کا خود استقبال کیا جس کے بعد دونوں رہنمائوں مین ون آن ون ملاقات ہوئی ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے آصف زرداری سے ان کی صحت بارے دریافت کیا ۔ دونوں رہنمائوں نے مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ دوسری جانب لاہور میں ہونے والی اس ملاقات بارے سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں اور اس ملاقات کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے ۔ مسلم لیگ(ق ) کے ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی وضع دار خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ ایک معمول کی ملاقات تھی ۔