لاہور(این این آئی) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ گالی دینا پنجاب کی ثقافت نہیں بلکہ ن لیگ کے رہنماؤں کا کلچر ہے۔مسلم لیگ ن کے ایم این اے روحیل اصغر کا بیان انتہائی قابل مذمت ہے ۔گالی کو پنجاب کی ثقافت قرار دینے والوں کو اپنے الفاظ کے چناؤ پر شرم آنی چاہیے۔کیا اپوزیشن نئی نسل کو گالیاں دینے کا سبق
سیکھا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ اپوزیشن ٹولے کی ڈھٹائی پر سب کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔اداروں پر حملہ کرنا اور متنازعہ بنانا ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے۔اداروں پر حملہ کرنے میں یہ جماعت بدنام زمانہ ریکارڈ رکھتی ہے۔انہوںنے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ اپوزیشن ٹولے نے ہمیشہ جمہوری، آئینی اور پارلیمانی روایات کو پامال کیا ہے اورقوم اس منافق ٹولے کے دوغلے چہروں کو پہچان چکی ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت جمہوری، آئینی اورپارلیمانی روایا ت کی امین ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب کے نئے بجٹ میں ہر شعبے پر فوکس کیاگیا ہے اورتعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبوںکیلئے خطیر فنڈز رکھے گئے ہیں ۔ سوشل سیکٹر یعنی تعلیم اور صحت کے لیے205ارب 50کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سماجی شعبے کے بجٹ میں 110فیصد اضافہ کیاگیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ کیلئے 145 ارب 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیکٹر کا بجٹ87فیصد بڑھایا گیا ہے ۔سپیشل پروگرامزکے لیے 91ارب 41کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔سپیشل پروگرامز کے ترقیاتی بجٹ میں92 فیصد اضافہ کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ صنعت، زراعت، لائیوسٹاک،ٹورازم،جنگلات اوردیگر پیداواری شعبوں کیلئے57ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔پروڈکشن سیکٹر کیلئے مختص فنڈز234فیصد زیادہ رکھے گئے ہیں۔