اسلام آبا د(این این آئی)وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہر معاملے میں غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے ایک انٹرویومیں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے
احتساب سب کے لیے نعرہ لگایا تھا اور اب میرے خلاف انکوائری ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ استعفیٰ کے بعد جب بھی وزیراعظم سے بات ہوئی انکوائری کا ذکر نہیں کیا گیا اور وزیر اعظم عمران خان ہر معاملے میں غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہیں میں اگر استعفیٰ نہ دیتا تو میڈیا وزیر اعظم کے پرانے کلپس نکال کر بار بار چلاتا۔زلفی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے برانڈ ہیں انہیں ہمیشہ پروٹوکول دیا جاتا ہے،وزیر اعظم ملک کے ساتھ مخلص ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے رنگ روڈ اسکینڈل کا علم نہیں بہرحال تکنیکی معاملات کا پتہ چل جائے گا۔زلفی بخاری نے کہا کہ کویت سے بڑے عرصے بعد تعلقات بحال ہوئے ہیں اور احسن اقبال کا اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق استعمال نہ کرنے کا بیان احمقانہ ہے۔ احسن اقبال کی اہلیت بے نقاب ہو گئی ہے اور اب وہ جتنا میڈیا پر بولیں گے اتنے ہی بے نقاب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جب میڈیا پر زیادہ بولنے لگیں تو بے نقاب ہوئیں وہ کوئی نہ کوئی غلطی کر جاتی ہیں،ہمیں اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کے ساتھ جوڑنا ہو گا۔زلفی بخاری نے کہا کہ گزشتہ 2 دن سے ایوان میں اپوزیشن رہنماؤں نے جو کیا افسوسناک ہے تاہم مجھے اپوزیشن رہنماؤں کی طرف سے رویے پر حیرت نہیں کیونکہ یہ ان کے منصوبے کا حصہ تھا۔