اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں 27 سے 30 جون کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران مون سون بارشیں معمول کے قریب ہوں گی، مون سون کرنٹس
سب سے پہلی جنوب مشرقی سندھ یعنی تھرپارکر اور اردگرد کے علاقوں میں داخل ہوں گے۔کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔ کراچی میں جولائی میں معمول کی بارشوں کا ریکارڈ 60 ملی میٹرہے۔ڈائریکٹر موسمیات کے مطابق کراچی میں اگست میں معمول کی بارشوں کا ریکارڈ 60.9 اور ستمبر میں 11 ملی میٹر ہے۔دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ جبکہ مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تورغر میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے جبکہ باغ آزاد کشمیر میں ژالہ باری سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مانسہرہ میں شوگران روڈ پر سیاحوں کی گاڑی پر درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔آج شام جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد و گردنواح میں بارش کا امکان ہے ۔اس حوالے سے راولپنڈی میں متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے ، کئی نالوں میں بھل صفائی جاری ہے تاکہ بارشی پانی کے نکاس کو بہتر بنایا جاسکے۔