اسلام آباد، کراچی (این این آئی)ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ، درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔ جمعرات کو محکمہ موسمیات نے بتایا
کہ اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہوامیں نمی کا تناسب 23 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خوشخبری سْناتے ہوئے کہا جمعے سے اتوار کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا امکان ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ اگلے تین روز کے دوران شہرقائد میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹرفارہیٹ ویونے ایڈوائزری جاری کردی ہے،جس کے مطابق اگلے تین روزکے دوران شہرمیں معمول سے تیزہوائیں چلنے کا امکان ہے، اگلے چند روزکے دوران شہرکا مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے تک صبح و رات کے اوقات میں مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے، شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔ سمندرکی ہوائیں مسلسل بحال رہنے کی توقع ہے۔