کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) مرغی کھانے کے شوقین افراد خبردار ہو جائیں، کوریزا نامی بیماری کا انکشاف ہوا ہے، نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس بیماری کی علامتیں کورونا سے ملتی جلتی ہیں، جس میں مرغی اس بیماری کا شکار ہو کر مر جاتی ہے۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ اس بیماری کے انسانوں
میں منتقل ہونے سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ اسی بیماری کی وجہ سے کراچی میں کئی پولٹری فارم مالکان نے فارم بند کر دیے ہیں، دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ہمیشہ عوام کی صحت کے مسائل پر آواز اٹھائی ہے کیونکہ عوام کی صحت ہمارے لیے ہمیشہ سے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔حال ہی میں پریس اور میڈیا میں مرغیوں میں پھیلنے والی وائرل بیماریوں سے متعلق رپورٹ سامنے آئی ہیں۔پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے کچھ دن پہلے ان رپورٹس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولٹری فارمرکو ان وائرل بیماریوں کی وجہ سے مرغیوں کی کثیر تعداد میں اموات کے باعث بہت زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق مرغیوں کی شرح اموات اتنی زیادہ ہے کہ بہت سے فارمرز نے اپنا کاروبار بند کر دیا ہے۔ ان رپورٹس سے پتہ چلتاہے کہ مرغیوں میں کس حد تک بیماریاں پھیل چکی ہیں اور نتیجتاً مارکیٹ میں غیر صحت مند گوشت فروخت ہو رہا ہے۔ بد قسمتی سے ایسی رپورٹس بھی میڈیا کے ذریعے سامنے آئی ہیں کہ کچھ ایسے بے حس اور لالچی لوگ اپنے مخصوص گاہکوں کو انتہائی کم قیمت پر مردہ مرغیوں کا گوشت بھی فروخت کر رہے ہیں۔مارکیٹ میں موجود ایسی کالی بھیٹریں معصوم لوگوں کی صحت اور زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ اس گھنا ؤنے جرم میں ملوث کالی
بھیٹروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزائیں دلوائی جائیں۔ پی ایم اے، تمام صوبائی حکومتوں سے گزارش کرتی ہے کہ وہ اپنے اپنے خوراک کے محکموں کو متحرک کریں کیونکہ اگر عوام بیمارمرغیوں کا گوشت کھا رہے ہیں تو یہ ان کی ناکامی ہے اور ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔موجودہ صورتحال میں ہم عوام کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ صحت مند مرغی کو اپنے سامنے ذبح کروا کر گوشت خریدیں اور کسی بھی صورت میں پہلے سے تیار شدہ گوشت مت خریدیں۔