لاہور (آن لائن) پاکستان ڈیمو کریٹکس الائنس نے رواں ماہ عید کے اختتام پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس بلانے کے حوالے سے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن میں اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ اجلاس بلانے کی تاریخ کا اعلان مولانا فضل الرحمن شہباز شریف سے باضابطہ ملاقات کے بعد کریں گے
تاہم بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے پیر کے روز پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ قائم کیا۔ دونوں رہنمائوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر باہمی مشاورت کی۔ دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس رواں ماہ کے اختتام تک بلایا جائے۔