کراچی (یواین پی)پی سی بی کی جانب سے سال کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کا ایوارڈ لینے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی کھیل کے تینوں فارمیٹس میں عمدہ کارکردگی کے پیش نظر بی کے بجائے اے کیٹگری میں ترقی کردی گئی جنہوں نے حالیہ ٹورز کے دوران قومی ٹیم
کیلئے بہترین کارکردگی پیش کی ہے۔دوسری جانب عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو سراہنے کی پالیسی کے تحت فواد عالم بھی ڈومیسٹک کرکٹ کی اے پلس کیٹگری سے سینٹرل کنٹریکٹ کی سی درجہ بندی میں شامل ہو گئے جنہوں نے حالیہ عرصے میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ محمد حفیظ کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ میں سی کٹیگری کی پیشکش کی تھی مگر انہوں نے اسے نرمی سے مسترد کردیا تھا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی پانے والے دونوں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ان کی بائیو سیکیور ماحول کے مشکل حالات کے باوجود انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کاصلہ ہے جس کا فیصلہ چیف سلیکٹر محمد وسیم کے ساتھ ملاقات کے بعد اس سوچ کے ساتھ کیا گیا کہ دو ہزار اکیس اور بائیس کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست مرتب کرنے کا انتظار کرنے کے بجائے انہیں ترقی دے دی جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد حفیظ کی جانب سے پیشکش مسترد ہونے پر مایوسی ہوئی لیکن وہ ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔