پیر‬‮ ، 23 دسمبر‬‮ 2024 

یہ مدینہ کی ریاست ہے لیکن اس میں حضرت عمرفاروق ؓ نہیں ہیں‎

datetime 15  ستمبر‬‮  2020
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خاتون کا تعلق فرانس سے تھا‘ فرانس میں تعلیم حاصل کی‘ فرانس ہی میں جوان ہوئی اور فرانس ہی میں شادی ہوئی‘ خاوند گوجرانوالہ کا رہائشی تھا لیکن پیرس میں رہتا تھا‘ خاتون کا میکہ لاہور میں تھا‘ میکے اور سسرال کے تعلقات ٹھیک نہیں تھے‘ خاوند خاتون کومیکے جانے سے روکتا رہتا تھا‘ گھر گوجرانوالہ میں تھا‘ یہ گوجرانوالہ ہی میں رہتی تھی‘ پڑھی لکھی‘ بااعتماد اور سمجھ دار تھی۔یہ 8ستمبر کو

شاپنگ کے لیے لاہور گئی‘ تینوں بچے بھی اس کے ساتھ تھے‘ شاپنگ کے بعد والدہ کے گھر چلی گئی‘ رات کا کھانا کھایا‘ بچوں کو نیند آ گئی تو اس نے گوجرانوالہ واپس جانے کا فیصلہ کر لیا‘ والدہ روکتی رہ گئی لیکن اس کا خیال تھا خاوند کو پتا چل گیا تو وہ ناراض ہو جائے گا‘ لاہور سے گوجرانوالہ کا فاصلہ صرف چالیس منٹ کا تھا‘ یہ اکثر آتی جاتی رہتی تھی لہٰذا پریشانی کی کوئی بات نہیں تھی‘ یہ رات ساڑھے بارہ بجے لاہور سے نکلی‘ محمود بوٹی سے موٹر وے پر آئی اور گوجرانوالہ کی طرف ڈرائیو کرنے لگی‘ یہ رات ایک بج کر پانچ منٹ پر ایسٹرن بائی پاس سے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر آئی‘ یہ جوں ہی لنک روڈ پر پہنچی‘ اس کی گاڑی کا پٹرول ختم ہو گیا‘ سڑک پر اندھیرا تھا‘ یہ خوف زدہ ہو گئی‘ بچے پچھلی سیٹوں پر سوئے ہوئے تھے‘ اس نے فوراً اپنے خالہ زاد بھائی سردار شہزاد کو فون کیا‘ اس نے اسے مشورہ دیا تم 130 ڈائل کر کے موٹروے پولیس کو اطلاع دے دو‘ میں بھی آ رہا ہوں‘ اس نے اپنے دوست جنید کو ساتھ لیا اور یہ گوجرانوالہ سے روانہ ہو گیا۔خاتون نے ہیلپ لائین پر موٹروے پولیس کوفون کر دیا‘ اسے بتایا گیا آپ ایم الیون کی لنک روڈ پر ہیں اور یہ موٹروے پولیس کی حد میں نہیں آتی تاہم موٹروے پولیس نے خاتون کو ایک مقامی نمبر دے دیا‘ خاتون نے اس نمبر پر رابطہ کیا اور بتایا میں اکیلی ہوں‘ میرے ساتھ بچے ہیں اور میں اس وقت لنک روڈ پر پھنس گئی ہوں‘ اسے بتایا گیا ”آپ فکر نہ کریں‘ ہم کچھ کرتے ہیں“۔

میں بات آگے بڑھانے سے پہلے آپ کو یہ بھی بتاتا چلوں لاہور سیالکوٹ موٹروے مارچ 2020ءمیں مکمل ہوئی تھی‘ پنجاب حکومت نے اس کی نگرانی کے لیے سپیشل فورس بنائی تھی اور یہ فورس پنجاب پولیس یا موٹروے پولیس کی بجائے کمشنر لاہور کے ماتحت تھی مگر یہ بھی مکمل طور پر ایکٹو نہیں تھی چناں چہ لاہور سیالکوٹ موٹروے اور اس کی لنک کا چار کلو میٹر کا ٹکڑا عملاً کسی کے کنٹرول میں نہیں تھا۔

اس کے گرد تین گاﺅں آباد ہیں‘اس کے لچے لفنگے اکثر موٹر وے پر آ کر گاڑیاں لوٹتے رہتے ہیں‘ ایسے بے شمار واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں‘ میں خاتون کی سٹوری کی طرف واپس آتا ہوں‘ خاتون نے گاڑی اندر سے لاک کی اور سردار شہزاد اور پولیس کا انتظار کرنے لگی‘ دو گھنٹے گزر گئے مگر پولیس آئی اور نہ سردار شہزاد پہنچا۔

اس دوران دو ڈاکو وہاں آ گئے‘ پولیس کا خیال ہے یہ دونوں پروفیشنل ڈاکو نہیں تھے کیوں کہ اگر یہ پروفیشنل ہوتے تو ان کا طریقہ واردات مختلف ہوتا‘ یہ قریبی دیہات کے معمولی وارداتیے ہیں‘ یہ تھوڑی دیر گاڑی کو واچ کرتے رہے‘جب دو گھنٹے تک کوئی شخص گاڑی کے قریب نہیں آیا تو پھر انہوں نے اسے لوٹنے کا فیصلہ کر لیا۔

ایک ڈاکو کے ہاتھ میں ڈانگ تھی جب کہ دوسرے کے پاس پستول تھا‘ یہ گاڑی کے قریب پہنچے اور پستول دکھا کر خاتون کو دروازہ کھولنے کا اشارہ کیا‘ خاتون نے انکار کر دیا‘ یہ دھمکیاں دینے لگے لیکن خاتون نے دروازہ نہ کھولا‘ یہ مشتعل ہو گئے اور ڈنڈا مار کر شیشہ توڑ دیا‘ بچوں نے رونا شروع کر دیا‘ خاتون ڈر کر سڑک کی طرف دوڑ پڑی۔

ایک ڈاکو اس کے پیچھے دوڑا‘ اس دوران وہاں سے ایک گاڑی گزری‘ گاڑی کے ڈرائیور نے خاتون کو دیکھ لیا مگر اس کی سپیڈ زیادہ تھی تاہم گاڑی میں سوار خالد مسعودکے ذہن میں کھٹکا آیا اور اس نے ون فائیو پر پولیس کو اطلاع دے دی‘ اس دوران دوسرے ڈاکو نے خاتون کا دو سال کا بچہ اٹھایا اور اسے لے کر جنگل کی طرف دوڑ پڑا۔

خاتون بچے کو بچانے کے لیے گاڑی کی طرف واپس آ گئی‘ دوسرے ڈاکو نے اس کے دوسرے بچے بھی گاڑی سے کھینچ کر باہر نکال لیے‘ ماں بچوں کو بچانے کے لیے ان کے ساتھ الجھ پڑی‘ وہ بار بار بچوں کو کلمہ پڑھنے اور اللہ سے مدد مانگنے کی تلقین بھی کر رہی تھی‘ بچے چیخ رہے تھے‘ خاتون ڈاکوﺅں کی منتیں بھی کر رہی تھی لیکن دنیا میں انسان سے بڑا درندہ کوئی نہیں ہوتا‘یہ جب جانور بنتا ہے تو یہ جانوروں کو بھی شرمندہ کر دیتا ہے۔

یہ بھی درندے تھے‘یہ چاروں کو دھکیل کر سڑک سے نیچے کھائی میں لے گئے‘ آگے جنگل تھا‘ ایک ڈاکو نے تینوں بچوں کو سائیڈ پر پھینکا اور ان کے سر پر پستول رکھ دیا‘ بچے سسک رہے تھے جب کہ دوسرے ڈاکو نے خاتون کو بے بس کرنا شروع کر دیا‘ وہ اس سے لڑتی رہی‘ اس دوران پہلے ڈاکو نے بچوں کو مارنا شروع کر دیا۔

وہ ماں تھی چناں چہ وہ بچوں کی سلامتی کے لیے ڈھیلی پڑ گئی‘ دوسرا ڈاکو آگے بڑھا اور پہلا بچوں کے سر پر کھڑا ہو گیا‘ دونوں ڈاکوﺅں کو کوئی جلدی‘ کوئی پریشانی نہیں تھی‘ دونوں نے اس کے بعد گاڑی سے خاتون کے زیور‘ نقدی اور اے ٹی ایم کارڈ لیے اور اس سے کہا” خاموش ہو کر یہاں بیٹھی رہو اگر تم سڑک پر گئی تو تم چاروں کو گولی مار دیں گے“۔

اس دوران دور سے موٹر سائیکل کی آواز آئی‘ وہ دونوں اٹھے اور اندھیرے میں گم ہو گئے‘ تھوڑی دیر میں دو موٹر سائیکل گاڑی کے قریب پہنچ گئے‘ یہ ڈولفن فورس کے چار اہلکار تھے‘ وہ گاڑی کے قریب اترے‘ گاڑی کا شیشہ ٹوٹا ہوا تھا‘ دروازے پر خون کا نشان تھا اور نیچے کھائی کی طرف بچے کا چھوٹا سا جوتا پڑا ہوا تھا۔

وہ چاروں جوان ڈر گئے اور انہوں نے زور زور سے ”کون ہے‘ کون ہے“ کی آوازیں لگانا شروع کر دیں‘ جنگل سے کوئی آواز نہ آئی‘ ڈولفن فورس کے ایک جوان نے دو ہوائی فائر کیے اور وہ کھائی میں اتر گیا۔کھائی پندرہ فٹ گہری تھی اور اس میں اندھیرا بھی تھا‘ جوان آوازیں لگاتا ہوا آگے بڑھتا گیا‘آگے کھیت شروع ہو گیا۔

اسے اچانک ٹارچ کی روشنی میں زمین پر کوئی چیز دکھائی دی‘ اس نے جھک کر دیکھا تو یہ بچے کا دوسرا جوتا تھا‘ وہ آگے بڑھنے لگا‘ اس دوران اسے کسی عورت کی ڈری سہمی آواز آئی ”اللہ کا واسطہ ہے ہمیں قتل نہ کرو‘ ہم کسی کو کچھ نہیں بتائیں گے“ وہ آواز کی طرف دوڑا اور پھر سامنے کا منظر دیکھ کر دہل گیا۔

سامنے کھیت کے کنارے ایک خوف زدہ عورت بیٹھی تھی‘ اس کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے‘ جسم پر خراشیں تھیں اور تین خوف زدہ بچے اس کے ساتھ لپٹے ہوئے تھے‘ عورت نے بچوں کو اپنے دونوں بازوﺅں میں جکڑ رکھا تھا‘ پولیس کا جوان خاتون کے ساتھ بیٹھ گیا اور اسے تسلی دینا شروع کر دی مگر وہ اسے پولیس اہلکار ماننے کے لیے تیار نہیں تھی۔

وہ ہسٹریائی انداز میں اس کی منتیں کر رہی تھی‘ خدا کے لیے ہمیں نہ ماریں‘ ہم کسی کو کچھ نہیں بتائیں گے‘ آپ ہماری گاڑی بھی لے جاﺅ‘ میں تمہیں اور رقم بھی منگوا دیتی ہوں بس ہمیں نہ مارو‘ پولیس اہلکار کی آنکھوں میں آنسو آگئے‘ اس نے اسے کہا‘ بہن آپ پریشان نہ ہوں‘ میں واقعی پولیس اہلکار ہوں لیکن وہ اسے پولیس اہلکار ماننے کے لیے تیار نہیں تھی۔

اس دوران دوسرے اہلکار بھی آ گئے‘ بچے انہیں دیکھ کر مزید سہم گئے اور انہوں نے ماں کو جکڑ لیا‘ ماں انہیں بار بار کہہ رہی تھی‘ تم آنکھیں بند کر لو اور کلمہ پڑھو‘ وہ خود بھی کلمہ پڑھ رہی تھی لیکن بچوں کی زبانیں گنگ تھیں اور آنکھیں بند ہونا بھول چکی تھیں‘ وہ پتھرائی ہوئی آنکھوں سے پولیس اہلکاروں اور ٹارچ کی لائیٹ کی طرف دیکھ رہے تھے۔

پولیس اہلکاروں نے وائرلیس پر کنٹرول آفس کو اطلاع دے دی‘ پولیس متحرک ہو گئی‘ خاتون ایس ایچ او کو بھی بلالیا گیا‘ آدھے گھنٹے میں پولیس پہنچ گئی‘ خاتون ایس ایچ او نے خاتون کو تسلی دی‘اس کے جسم پر چادر ڈالی اور یہ اسے اور اس کے بچوں کو لے کر سڑک پر پہنچ گئی‘ اس دوران خاتون کا کزن سردار شہزاد بھی پہنچ گیا۔

خاتون میڈیکل کے لیے تیار نہیں تھی‘ پولیس نے اسے بڑی مشکل سے رضامند کیا‘ یہ اسے بچوں سمیت ہسپتال لے کر گئی‘ میڈیکل ٹیسٹ کرائے‘ نمونے لیے اور انہیں گھر والوں کے حوالے کر دیا‘ یہ لوگ گھر پہنچ گئے لیکن آج پانچویں دن بھی بچے پھٹی ہوئی آنکھوں سے درو دیوار کو دیکھتے ہیں‘ یہ ہر اجنبی شخص کو دیکھ کر کانپنے لگتے ہیں اور چیخ چیخ کر کہتے ہیں‘ انکل ہماری ماما کو مت ماریں‘ پلیز انہیں چھوڑ دیں۔

یہ بچے المیہ ہیں لیکن ان سے بڑا المیہ خاتون ہے‘ یہ سارا دن باتھ روم میں گزار دیتی ہے‘ یہ اب تک اپنے جسم پر ہزاروں ٹن پانی بہا چکی ہے لیکن اس کے جسم سے اس نظام‘ اس معاشرے کی گھن نہیں اتر رہی‘ یہ خود کو پاک نہیں سمجھ رہی اور یہ عورت اس وقت تک پاک نہیں ہو سکے گی جب تک ہم لوگ اس ملک کو ملک اور اس معاشرے کو معاشرہ کہتے رہیں گے

میں عمر شیخ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں‘ اصل ذمہ دار یہ عورت ہے‘ کیوں؟ کیوں کہ یہ ہمیں انسان اور قبر فروشوں کی اس بستی کو معاشرہ سمجھ بیٹھی تھی‘ یہ بڑی بے وقوف تھی‘ یہ سمجھ رہی تھی اسلامی جمہوریہ پاکستان میں بھی انسان بستے ہیں اور یہ انسان عورتوں کو عورت نہیں ماں‘ بہن اور بیٹی سمجھتے ہیں۔

یہ سمجھ رہی تھی اس ملک میں لاءبھی ہے اور آرڈر بھی چناں چہ یہ اٹھی‘ بچوں کو لیا اور رات کے وقت لاہور سے گوجرانوالہ روانہ ہو گئی اور یہ بھول گئی یہ ریاست بے شک مدینہ کی ریاست ہے لیکن اس میں حضرت عمرفاروق ؓ نہیں ہیں یہاں عورت تو عورت بچے بھی محفوظ نہیں ہیں‘ یہ عورت کتنی بے وقوف تھی؟ یہ درندوں کے اس غار کو معاشرہ سمجھ بیٹھی تھی۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…