اسلام آباد (این این آئی)کمپنیوں کو گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 417 ارب روپے ادا کرنا ہوں گے اس حوالے سے سپریم کورٹ نے ساڑھے پانچ ماہ بعد 20فروری کو محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنا دیا۔
جمعرات کو سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم نے گیس انفراسٹرکچر سیس کیس کا مختصر فیصلہ پڑھ کر سنا دیا، فیصلہ رواں سال 20فروری کو آخری سماعت کے بعد محفوظ کیا گیا تھا، تین رکنی بینچ نے فیصلہ دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا۔سپریم کورٹ میں گیس کمپنیوں کی تمام اپیلیں مسترد کر دی گئیں، حکومت کو جی آئی ڈی سی کی رقم کی وصولی کی اجازت مل گئی،کمپنیوں کو گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 417 ارب روپے ادا کرنے ہوں گے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گیس پائپ لائن منصوبوں کیلئے سیس کے نام پر ٹیکس لاگو کیا تھا تاہم تحریک انصاف حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے جی آئی ڈی سی کے 220 ارب معاف کر دیئے تھے، اپوزیشن کی تنقید پر حکومت نے آرڈیننس واپس لے لیا تھا جس کیخلاف کمپنیوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔