اسلام آباد(آن لائن)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان مذاکرات پر آمادہ نہ ہوئے تو یہ ملک کے خلاف سازش ہوگی۔ ان کا وزیر اعظم کو ہٹانے کا ون پوائنٹ ایجنڈا قابل عمل نہیں ہے۔ بند گلی میں گئے تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ مولانا ڈکٹیٹر نہ بنیں مذاکرات سے انکی عزت کم نہیں ہوگی۔ بدھ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم جمہوری لوگ ہیں مذاکرات سے معاملات حل کریں گے۔ مسئلہ کشمیر پر ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پُر امن احتجاج کا حق ہے مگر احتجاج سے
ملک کو نقصان ہوا تو ایکشن لیناپڑے گا۔پرویز خٹک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ڈکٹیٹر نہ بنیں ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا وزیر اعظم عمران خان کو ہٹانا ہے جو ممکن نہیں ہے۔ منتخب حکومت کو اس طرح کوئی نہیں ہٹا سکتا۔ اگر یہی رویہ رہا تو پھر بات چیت کیسے ہوگی۔ مولانا کو مذاکرات کرنا ہونگے۔ اگر مولانا مذاکرات نہیں چاہتے تو یہ ملک کے خلاف سازش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کرنے سے مولانا کی عزت کم نہیں ہوگی ملک کی بہتری کے حق میں جو بھی بات ہوگی وہ مانی جائے گی۔ مولانا اپنا کام کرتے رہیں حکومت نے اپنی منصوبہ بندی کرنی ہے۔