نیویارک(این این آئی)امریکی سینٹر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں شامل برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کا اہتمام ایسے وقت میں کیاگیا جب کشمیر محاصرے میں ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق
برنی سینڈر نے ایک جریدے ہیوسٹن کرونکل کو بتایا کہ جب صدر ٹرمپ ہیوسٹن میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہیں تو ہم امریکیوں اور بھارتیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی کے بارے میں بہت کچھ سنتے ہیں لیکن جب ہماری آنکھوں کے سامنے جنم لینے والے انسانی بحران کی بات ہوتی ہے تومکمل خاموشی پائی جاتی ہے جیسے سب بہرے ہیں جو ناقابل قبول ہے۔ ادھر نیویار ک کے میڈیسن ایونیو میں 35ویں سالانہ مسلم ڈے پریڈ کے موقع پر کشمیر اور مسلمانوں کے اتحاد پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ پریڈ میں 3ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔ میڈیسن ایونیوسے مارچ کرنے والے زیادہ تر لوگوں نے مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور اسلام کے خلاف پائے جانے والے تعصب کی مذمت کی۔پریڈ کے چیئرمین فارس فیاض نے صحافیوں کو بتایا کہ اس سال ان کی توجہ کامرکز کشمیر ہے کیونکہ وہاں کی صورتحال انتہائی تشویشنا ک ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری کا زیادہ تر حصہ خاموش اور بھارتی حکومت کی خوش آمد میں لگا ہے۔