اسلام آباد(آن لائن) پاکستان ترسیلات زر موصول کرنیوالے خطے کے 5بڑے ممالک میں شامل ہے،گزشتہ سال 21ارب ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئیں،تاہم مجموعی پیداوار 8.5فیصد تک کم ہو گئیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2018ء کے دوران پاکستان کو 21 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئی ہیں،
تاہم گزشتہ 10 سال کے دوران پاکستان کی برآمدات مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 8.5 فیصد تک کم ہوگئیں جو قبل ازیں ڈبل ڈیجٹ میں شامل تھیں۔اے ڈی بی کی رپورٹ ” ایشیاء و بحرالکاہل کے اہم اعشاریوں کے 50 ویں ایڈیشن” کے مطابق گزشتہ سال 2018ء کے دوران بھارت کو سب سے زیادہ 78.6 ارب ڈالر جبکہ چین کو 67.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں اور اس کا دوسرا نمبر رہا ہے۔ اسی طرح 33.8 ارب ڈالر کی ترسیلات کی وصولی سے فلپائن تیسرے نمبراور پاکستان ایک سال کے دوران 21 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وصول کرنے پر جنوبی ایشیاء کاچوتھا بڑا ملک رہا۔رپورٹ کے مطابق ویتنام خطے کا پانچواں بڑا ملک ہے جس کو ایک سال کے دوران 15.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئی ہیں۔اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق سال 2018ء کے دوران پاکستان کی برآمدات مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 8.5 فیصد تک کم ہو گئیں جو سال 2010ء کے دوران 13.5 فیصد تھیں اور 2005ء میں ان کی شرح 14.3 فیصد جبکہ سال 2000ء میں 12.1 فیصد تھیں۔ اے ڈی بی کے اعداد وشمار کے مطابق سال 2000 ء کے دوران پاکستان کی مجموعی درآمدات جی ڈی پی کے 13.2 فیصد کے مساوی تھیں جو گزشتہ سال 2018ء کے دوران 19.4 فیصد تک بڑھ گئیں۔ پاکستان ترسیلات زر موصول کرنیوالے خطے کے 5بڑے ممالک میں شامل ہے