اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم ہائوس کو تعلیمی ادارہ بنانے کے اعلان پر میڈیکل طلبہ کی امید جاگ گئی،فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے اسٹوڈنٹس نے وزیراعظم ہائوس مانگ لیا،طلبہ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم ہائوس میں فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج قائم کیا جائے۔ طلبہ نے اپنا مطالبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا واحد سرکاری میڈیکل کالج مانگے تانگے کی جگہ پر قائم ہے۔ سات سال سے قائم فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی اپنی بلڈنگ نہ بن سکی۔اس وقت کالج خصوصی بچوں کے پرائمری اسکول کے ایک حصے میں قائم ہے۔
طلبہ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم ہائوس میں فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج قائم کیا جائے۔کیمپس نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔نیا ادارہ بنانے کی بجائے پہلے سے موجود وفاقی ادارے کو عالمی معیار پر لایا جائے۔جگہ نہ ہونے کی وجہ سے میڈیکل لیب کی بھی شدید کمی ہے۔سات سالوں سے بلڈنگ اور فیکلٹی کی کمی کے شدید مسائل لاحق ہیں۔ نئی حکومت کی تعلیم پر توجہ کے عزم کے بعد ایف ایم ڈی سی حکومتی ترجیح ہو گا۔طلبہ نے مطا لبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور متعلقہ وفاقی وزراء صورتحال کا نوٹس لیں۔