کراچی(آئی این پی) سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ عمل کا وقت آگیا ہے لہٰذا وزیراعظم عمران خان کو وقت دینا چاہیے۔ منگل کوسابق کپتان شاہد آفریدی کی فاؤنڈیشن کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایم او یو سائن کیا گیا۔ اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ عمران خان صرف پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں لہٰذا انہیں وقت دینا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ
اب عمل کا وقت آگیا ہے کیوں کہ باتوں سے زیادہ کام بولتا ہے۔شاہدآفریدی نے پاک بھارت تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں لڑائی جھگڑے سے مسائل بڑھتے ہیں، اگر پاکستان، بھارت اور افغانستان مل کر چلیں تو زیادہ آگے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پڑوسیوں کا ہم پر اور ہمارا پڑوسیوں پرحق ہوتا ہے لہٰذا سات سمندر پار والوں کی باتوں میں آکر پڑوسیوں کو نہیں الجھنا چاہیے۔