اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بیرون ملک رقم واپس لانے سے متعلق جلد اچھی خبر سامنے آئے گی۔منگل کوسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق میں لاپتہ افراد کے حوالے سے بریفنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کا کردار سب کے سامنے ہے، کارکردگی پر کیا بات کروں۔چیف جسٹس کی جانب سے بلائے جانے پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا
کہ سپریم کورٹ میرا ادارہ ہے، چیف جسٹس سے ملاقات خوشگوار رہی۔ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے ریفرنس دائر کرنے کو خفیہ رکھنے کا نہیں کہا بلکہ چیف جسٹس نے نیب کی تفتیش کو صیغہ راز میں رکھنے کا کہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ میں نے پبلک کرنی ہوتی تو کب کا کر چکا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ریفرنس عدالت میں جانے کے بعد نیب کا کام ختم ہو جاتا ہے۔