راولپنڈی (آن لائن) سکیورٹی اداروں نے عام انتخابات اور پولنگ ڈے کے موقع پر دہشت گردانہ اور تخریب کاری کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے ،خفیہ اطلاعات پر رینجرز اور خفیہ اداروں نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے متعدد مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رینجرز اور خفیہ
اداروں نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیاہے ۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کئے گئے سرچ آپریشن میں متعدد مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سرچ آپریشن اٹک ، سیالکوٹ ، لاہور ، قصور ، فیصل آباد ، رحیم یار خان، بہاولپور اور ڈی جی خان کے علاقوں میں کیا گیا جس سے متعدد تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے میں مدد ملے گی ۔