اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،سی پی پی)بالی ووڈ سپر سٹار سری دیوی کی پراسرار موت سب کیلئے معمہ بن گئی ہے ،پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد بھی دبئی پولیس حقیقت جاننے میں مصروف ہے ۔ادھر بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سبرامینم سوامی نے دعویٰ کیا ہے کہ سری دیوی کو قتل کیا گیا ہے۔بھارتی ٹی وی چینل ’’ٹائمز نو‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سری دیوی کی صحت مثالی تھی ،موت کے وقت
ان کے خون میں الکوحل کی موجودگی کئی سوالوں کو جنم دیتی ہے۔ پراسرار طور پر باتھ ٹاب میں گرنے کے بعد جیسے موت ہوئی وہ حیران کن لگتی ہے اس لئے اس کیس کی نئے سرے سے جانچ کی جائے تاکہ حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔واضح رہے کہ سری دیوی کے قریبی ساتھیوں نے بھی اس بات کی تصدیق ہے کہ انہوں نے کبھی بھی شراب نوشی نہیں کی۔ادھربھارتی سیاستدان امر سنگھ نے بھی اداکارہ کی موت کے حوالے سے نیا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بونی کپور اتنی بڑی غلطی نہ کرتے تو سری دیوی آج زندہ ہوتیں۔دبئی میں بھتیجے کی شادی میں شرکت کیلئے جانے والی بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی تین روز قبل حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب کے بعد سری دیوی کے شوہر بونی کپور او بیٹی جھانوی کپور بھارتی سیاستدان اور کپور فیملی کے قریبی ساتھی امر سنگھ کے ہمراہ اترپردیش میں ہونے والی یوپی انویسٹرز سمٹ میں شرکت کرنے کیلئے واپس بھارت آگئے تھے، جب کہ سری دیوی دبئی میں اکیلی تھیں۔ ایک انٹرویو کے دوران سیاستدان امر سنگھ کا کہنا تھا انہیں لگتا ہے کہ بونی کپور نے واپس بھارت آکر بہت بڑی غلطی کی تھی انہیں سری دیوی کو اکیلا نہیں چھوڑنا چاہئے تھا، گو کہ بونی کپور
واپس دبئی چلے گئے تھے لیکن اگر ہم وہاں ہوتے تو شاید یہ حادثہ روکا جاسکتا تھا۔ امر سنگھ نے سری دیوی کے حوالے سے مزید انکشافات کرتے ہوئے کہاکہ سری دیوی کبھی کبھی بہت زیادہ نشہ آور مشروب نہیں پیتی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے دبئی کے شیخ النہیان سے بات کی ہے انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جلد سے جلد سری دیوی کی لاش ورثا کے حوالے کردی جائے گی۔واضح رہے کہ ابتدا میں سری دیوی کی موت کو دل کادورہ قراردیا جارہا تھا تاہم گزشتہ روز آنے والی فرانزک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی ہے۔